بیروزکار اور بے گھر امریکی خیموں میں رہنے پر مجبور

Posted by Anonymous on 7:26 PM



دنیا کی واحد سپر پاور سب سے بڑی معیشت ساری دنیا کے مجموعی دفاعی بجٹ سے زیادہ دفاعی بجٹ والی ریاست جس کا ویزا یا شہریت لینے کی حسرت تیسری دنیا کے اکثر ممالک کے بیشتر باشندوں کی خواہش اور حسرت ہوتی ہے اور ہاں دو مسلمان ممالک پر مکمل طور پر قابض، دیگر پر بالواسطہ مسلط، مسلمانوں کے قدرتی وسائل کا چور اور لاکھوں مسلمانوں کا قاتل ملک امریکہ اپنی تاریخ کے بدترین اقتصادی بحران کا شکار ہو چکا ہے۔ بیروز گاروں اور بے گھروں کی خیمہ بستیاں قائم ہو گئی ہیں دسمبر 2007ءسے اب تک 44 لاکھ امریکی ملازمتوں سے محروم ہو چکے ہیں۔ اوباما حالات کنٹرول کرنے میں ناکام نظر آ رہا ہیں۔ انڈیپنڈنٹ ٹیلیویژن نیوز نے 13 مارچ کی اپنی ایک رپورٹ میں امریکہ کی سب سے بڑی ریاست کیلیفورنیا کی حالت زار بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیروز گاری اور زبردستی بے دخل کئے جانے کے سبب خیموں میں زندگی بسر کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ریاست میں کینوس سے بنی خیمہ بستیوں میں خطرناک شرح سے اضافہ ہو رہا ہے۔ ٹی وی نے ساکر منٹو نامی علاقے میں چالیس ایکڑ پر قائم ایک خیمہ بستی کے مکینوں کے انٹرویوز کئے۔ 6 ماہ سے اس خیمہ بستی میں مقیم ٹریسی دان نے کہا کہ ”ہم دونوں میاں بیوی ایک ہی کمپنی میں کام کرتے تھے، دونوں کو ایک ہی دن فارغ کر دیا گیا، بس یہی کچھ ہوا“۔ ایک دوسرے رہائشی ایرک پلائز کا کہنا تھا کہ اسے کوئی نوکری نہیں مل رہی تھی ”کارپٹ، کنکریٹ یا کارپنٹری کی شعبے میں کام نہیں مل رہا“۔ اس علاقے میں بے گھر افراد کے لئے قائم کئے گئے سرکاری شیلٹر پوری طرح بھر چکے ہیں جس کی وجہ سے لوگ خیمہ بستیوں پر مجبور ہوتے ہیں۔ صدر اوباما نے حال ہی میں معیشت کو بہتر بنانے کے لئے 572 بلین ڈالر کے پیکیج پر دستخط کئے ہیں تاہم ابھی تک اس کے اثرات ظاہر نہیں ہوتے۔ دریں اثناءبیروز گاری اور بے گھری کے باعث لوگوں نے خود کشیاں شروع کر دی ہیں۔ چند ماہ قبل جنوبی کیلیفورنیا میں پولیس کو ایک شوہر، بیوی، بہن، بچوں اور ساس کی لاشیں ملیں۔ ان افراد کو شوہر نے قتل کر کے خود کشی کر لی اور آخری پیغام میں لکھا کہ یہ سب کچھ مالی مشکلات کے باعث کیا ہے۔ ایک اخبار کی رپورٹ کے مطابق امریکہ میں مالی مشکلات کے باعث نفسیاتی امراض میں زبردست اضافہ ہو رہا ہے۔ دریں اثناءامریکہ میں ایک طرف اقتصادی بحران کے باعث لوگ بیروزگار ہو رہے ہیں تو دوسری طرف قرضوں پر حاصل کئے گئے گھر اور گروی گھروں پر لئے گئے قرضوں کی ادائیگی میں ناکامی کے بعد انہیں زبردستی گھروں سے نکالا جا رہا ہے۔ امریکہ ایک بہت بڑا ہاتھی ہے۔ اسے گرنے میں وقت لگے گا تاہم گرنے کا عمل شروع ہو چکا ہے۔