پی چدمبرم پر جوتا پھینکا گیا

Posted by Anonymous on 8:55 PM

ہندوستان کے وزير داخلہ پی چدمبرم پر ایک صحافی نے جوتا پھینکا ہے۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وزیر داخلہ پی چدمبرم دارالحکومت دلی میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
منگل کو وزير داخلہ کانگریس کے صدر دفتر میں نیوز کانفرنس ميں سوالوں کے جوابات دے رہے تھے۔جب ان سے ایک صحافی نے حال ہی میں مرکزی تفتیشی ادارے سی بی آئی کی جانب سے سکھ فسادات کے ایک اہم ملزم جگدیش ٹائٹلر کو کلین چٹ دیے جانے سے متعلق سوال پوچھا تو پی چدمبرم نے صحافی سے تحمل رکھنے اور عدلیہ پر بھروسہ کرنے کو کہا۔
اس کے جواب میں صحافی وزیر داخلہ سے بحث کرنے لگا اور پھر پہلی قطار ميں بیھٹے ہوئے اس صحافی نے احتجاج میں پی چدمبرم کی طرف اپنا جوتا پھینک دیا۔ حالانکہ وہ جوتا وزیر داخلہ کو لگا نہیں اور ان کے سر کے پاس سے نکل گیا۔
یہ صحیح ہے کہ وزیر داخلہ کے ساتھ اس طرح کا برتاؤ نہيں ہونا چاہیے لیکن ميں اس کے لیے معافی نہيں مانگوں گا۔ کیونکہ گزشتہ پچیس برس سے سکھ برادری انصاف کے انتظار میں ہے۔
پاس میں بیٹھے ہوئے سکیورٹی اہلکاروں نے فورا ہی اس صحافی کو پکڑ لیا اور اسے اپنی حراست میں لے لیا۔اس صحافی کی شناخت جنریل سنگھ کے طور پر کی گئی ہے جو جاگرن نامی میڈیا کپمنی میں سینیئر صحافی ہیں۔
اس واقعہ کے بعد ایک نجی ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے جنریل سنگھ نے کہا کہ ان کا طریقہ غلط ہو سکتا ہے لیکن انہوں نے جو کچھ بھی کیا وہ جذبات ميں آ کر کیا۔ انہوں نے کہا ’یہ صحیح ہے کہ وزیر داخلہ کے ساتھ اس طرح کا برتاؤ نہيں ہونا چاہیے لیکن ميں اس کے لیے معافی نہيں مانگوں گا۔ کیونکہ گزشتہ پچیس برس سے سکھ برادری انصاف کے انتظار میں ہے۔‘
اس سے قبل امریکہ کے صدر جارج بش پر عراق میں ایک نیوز کانفرنس کے دوران ایک عراقی صحافی نے جوتا پھینکا تھا۔ صحافی منتظر الزیدی کو گرفتار کر لیا گیا تھا اور اسے تین برس کی قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

Thanker from bbc

شعیب کی ٹیم میں واپسی

Posted by Anonymous on 1:31 PM

پاکستانی فاسٹ بالر شعیب اختر کو فٹنس ثابت کرنے کے بعد آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے لیے ٹیم میں شامل کرلیا گیا ہے۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین پانچ ون ڈے اور ایک ٹوئنٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کی یہ سیریز بائیس اپریل سے سات مئی تک دبئی اور ابوظہبی میں کھیلی جائے گی۔
فٹنس ٹیسٹ کے علاوہ حالیہ قومی ایک روزہ ٹورنامنٹ میں شعیب اختر کی بولنگ پر بھی سلیکٹرز نے اطمینان ظاہر کیا ہے۔ شعیب اختر جنوری میں سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز کے دو میچوں میں غیرمتاثر کن کارکردگی کے بعد ان فٹ ہوکر ٹیسٹ سیریز سے باہر ہوگئے تھے۔
ان کے گھٹنے کی تکلیف کے بارے میں گزشتہ دنوں متضاد خبریں سامنے آئی تھیں کہ وہ آپریشن کے بغیر فٹ ہوسکیں گے یا انہیں آپریشن کرانا پڑے گا۔
پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں چار سال کے طویل وقفے کے بعد ون ڈے انٹرنیشنل میں مدمقابل آ رہی ہیں۔ آخری بار دونوں کا سامنا فروری2005 ء میں سڈنی میں وی بی سیریز کے فائنل میں ہوا تھا۔
شعیب اختر140 ون ڈے انٹرنیشنل میں 220 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں تاہم تین سال کے عرصے میں وہ صرف تین ٹیسٹ اور گیارہ ون ڈے انٹرنیشنل ہی کھیل پائے ہیں۔
چیف سلیکٹر عبدالقادر نے پیر کو جس پندرہ رکنی ٹیم کا اعلان کیا ہے اس میں شعیب اختر کے علاوہ آف اسپنر سعید اجمل کی بھی واپسی ہوئی ہے۔ یہ دونوں گزشتہ ماہ بنگلہ دیش کے دورے کے لئے اعلان کردہ سولہ رکنی ٹیم میں شامل نہیں تھے۔
اس ٹیم کے تین کھلاڑی وکٹ کیپر سرفراز احمد، فاسٹ بولر محمد عامر اور لیگ اسپنر یاسر شاہ ڈراپ کردیئے گئے ہیں۔
پاکستانی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے: یونس خان ( کپتان )، سلمان بٹ، مصباح الحق، شعیب ملک، کامران اکمل، شاہد آفریدی، یاسر عرفات، عمرگل، شعیب اختر، راؤ افتخار، فواد عالم، سعید اجمل، ناصر جمشید، سہیل تنویر اور احمد شہزاد۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں چار سال کے طویل وقفے کے بعد ون ڈے انٹرنیشنل میں مدمقابل ہورہی ہیں۔ آخری بار دونوں کا سامنا فروری2005 ء میں سڈنی میں وی بی سیریز کے فائنل میں ہوا تھا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے آخری دس ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں آسٹریلیا نے نو جیتے ہیں جبکہ پاکستانی ٹیم صرف ایک میچ جیت سکی ہے۔
Thanker from bbc