واشنگٹن میں ہر بیسواں شخص ایج آئی وی ایڈز میں مبتلا ہے

Posted by Anonymous on 8:00 PM

امریکی دارلحکومت واشنگٹن ڈی سی میں ایچ آئی وی ایڈز نےایک وبا کی شکل اختیار کر لی ہے۔ گذشتہ دنوں ایک بیان میں سرکاری طورپر یہ تسلیم کیا گیا ہے واشنگٹن میں ہر بیس میں سے ایک شخص ایڈز میں مبتلا ہے۔ گذشتہ تین برسوں کے دوران یہاں پر اس مرض کی شرح میں 22 فی صد اضافہ ہوا ہے۔

ایڈز کے ایک مریض کا کہنا ہے کہ میرا خیال تھا کہ مجھے کوئی معمولی سی بیماری ہوئی ہے۔ مگر جب میرے خون کی تشخیص کی گئی تو معلوم ہوا کہ مجھے ایڈز ہے۔

واشنگٹن ڈی سی شہر کے حوالے سے گذشتہ ہفتے شائع کی گئی رپورٹ کے مطابق ایڈورد اس مرض میں تنہا نہیں۔ بلکہ ڈی سی میں رہنے والی آبادی کا تین فیصد اس میں مبتلا ہے۔ جو کہ امریکہ کے کسی بھی شہر میں ایڈز کی سب سے زیادہ شرح ہے۔ یہ شرح افریقہ کے کچھ علاقوں سے بھی زیادہ ہے۔

ایچ آئی وی ایڈز کی روک تھام سے متعلق ادارے کے ڈائریکٹر شینن حادر کا کہنا ہے کہ اس صورت حال کو محض ایمرجنسی کا نام دینے سے بات نہیں بنے گی بلکہ اس کی رو ک تھام کے لیے سنجیدہ اقدامات کرنے ہوں گے۔

وہ کہتے ہیں کہ اس ایک طویل المیعاد مسئلے کا حل بھی طویل المدتی بنیادوں پر نکالا جانا چاہیے۔ یہ ہنگامی صورتحال ہے۔

افریقن امریکن کمیونٹی اس بیماری کا سب سے زیادہ شکار ہوتی ہے۔ ایڈز کے تقریبا ہر دس میں سے آٹھ افراد جن میں ایچ آئی وی پازیٹو پایا جاتا ہے افریقن امریکن ہوتے ہیں۔ ایڈز کے مریض ایڈورڈ کا کہنا ہے کہ لوگ اس حوالے سے زیادہ توجہ نہیں دیتے۔ وہ کہتے ہیں کہ جنسی روابط میں احتیاط کی ضرورت ہے۔ اسی طرح ہم ایڈز سے بچاؤ کر سکتے ہیں۔

کچھ محققین کے مطابق شاید افریقن امریکن کمیونٹی میں جنیاتی طور پر ایڈز کے خلاف زیادہ مدافعت نہ پائی جاتی ہو اسی لیے ممکن ہے وہ اس کا زیادہ شکار ہوتے ہیں۔ امریکی ڈاکٹرز کا کہنا ہے ایڈز سے بچاؤ کے ضمن میں اس حوالے سے لوگوں میں زیادہ سے زیادہ شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔