پاکستانی خفیہ ایجنسی کے القاعدہ سے روابط ہیں ، مولن ، پیٹریاس

Posted by Anonymous on 1:52 PM

واشنگٹن ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ امریکی فوج کے سربراہوں ایڈمرل مائیک مولن اور جنرل ڈیوڈ پیٹریاس نے ایک مرتبہ پھر الزام لگایا ہے کہ پاکستانی خفیہ ایجنسی کے عناصر کے طالبان اور القاعدہ سے گہرے روابط ہیں، تعلقات ختم نہ کئے گئے تو آپریشن ناکام ہوجائے گا۔ امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں امریکی فوج کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف ایڈمرل مائیک مولن نے اس الزام کو دہرایا کہ پاکستان کی خفیہ ایجنسی کے عناصر کے افغانستان اور بھارت میں عسکریت پسندوں سے روابط ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف آپریشن کی کامیابی کیلئے سب سے پہلے ان تعلقات کا ختم ہونا لازمی ہے۔ سینٹ کام کے سربراہ جنرل ڈیوڈ پیٹریاس نے ایک اور امریکی ٹی وی سے انٹرویو میں الزام عائد کیا کہ پاکستان کی خفیہ ایجنسی کے عناصر نے خود عسکریت پسندوں کے گروپ بنائے ہیں اور ان سے ان کے روابط کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔ ڈیوڈ پیٹریاس کا کہنا تھا کہ عسکریت پسندوں سے یہ تعلقات ختم نہ ہوئے تو امریکا کی خطے میں قیام امن کی کوششیں ناکام اور اعتماد کی فضا ختم ہوجائے گی۔