مسلح شخص کی فائرنگ، تیرہ ہلاک

Posted by Anonymous on 1:38 PM


امریکی ریاست نیویارک میں ایک مسلح شخص نے امیگریشن مرکز میں موجود درجنوں افراد کو یرغمال بنانے اور ان میں سے تیرہ کو ہلاک کرنے کے بعد خودکشی کر لی۔
ریاست نیویارک کے حکام کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ نیویارک کے شمال مغرب میں واقع علاقے بنگ ہیمٹن میں پیش آیا جہاں ایک ویتنامی نژاد امریکی شخص نے امیگریشن مرکز میں داخل ہو کر امریکی شہریت کا امتحان دینے والے افراد پر فائرنگ کر دی۔
بنگ ہیمٹن پولیس کے سربراہ جوزف زکسکی نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کے دوران بتایا کہ امریکن سوک ایسوسی ایشن کی عمارت سے چودہ لاشیں ملی ہیں جن میں حملہ آور کی لاش بھی شامل ہے جس نے خودکشی کی۔ ان کے مطابق حملہ اور کے پاس سے دو دستی بندوقیں، گولیاں اور ایک شکاری چاقو بھی برآمد ہوا ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق وضع قطع سے ایشیائی دکھائی دینے والا ایک شخص جس کی عمر بیس کے لگ بھگ تھی امریکی سوک ایسوسی ایشن کے امیگریشن مشورہ مرکز میں جمعہ کی صبح داخل ہوا۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق اس شخص کا قد قریباً چھ فٹ تھا اور اس نے شوخ سبز رنگ کی جیکٹ پہن رکھی تھی۔ حکام کے مطابق حملہ آور نے پہلے عمارت کے عقبی دروازے کو اپنی گاڑی کھڑی کر کے بند کیا اور پھر صدر دروازے سے اندر آ کر فائرنگ کر دی۔
ریاست نیویارک میں معصوم شہریوں پر اس قسم کی فائرنگ کی نہ تو کوئی وجہ ہو سکتی ہے اور نہ بہانہ‘۔یہ نیویارک کے لیے ایک المناک دن ہے۔
ڈیوڈ پیٹرسن، گورنر ریاست نیویارک
حملہ آور نے پہلے استقبالیہ مرکز پر موجود دو خواتین کو نشانہ بنایا اور اس کے بعد ان کمروں میں داخل ہو کر فائرنگ کی جہاں لوگ امریکی شہریت کا تحریری امتحان دینے میں مصروف تھے۔ پولیس کے مطابق عمارت میں موجود چھبیس افراد گولیوں کی آواز سن کر تہہ خانے میں چھپ گئے جبکہ دیگر چالیس لوگ عمارت سے باہر نکلنے میں کامیاب رہے لیکن ان میں سے چار شدید زخمی تھے۔ایک عینی شاہد کے مطابق اس نے پندرہ افراد کو عمارت سے اپنے ہاتھ سروں پر رکھے باہر نکلتے دیکھا۔' پولیس اہلکاروں نے انہیں ایمبولنسوں تک پہنچایا جو انہیں جائے وقوعہ سے لے گئیں‘۔
ایک مقامی ہسپتال کی ترجمان نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ ہسپتال میں تیس کے قریب افراد کو لایا گیا ہے جن میں سے کچھ کوگہرے زخم آئے تھے۔ریاست نیویارک کے گورنر پیٹرسن نے اس واقعے کو ’انتہائی خوفناک واقعہ‘ قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’ریاست نیویارک میں معصوم شہریوں پر اس قسم کی فائرنگ کی نہ تو کوئی وجہ ہو سکتی ہے اور نہ بہانہ‘۔یہ نیویارک کے لیے ایک المناک دن ہے‘۔
امریکہ میں حالیہ ماہ میں مسلح افراد کی جانب سے عام شہریوں پر فائرنگ کے متعدد واقعات پیش آئے ہیں۔ گزشتہ ماہ ہی امریکی ریاست الباما میں ایک مسلح شخص نے گیارہ افراد کو گولی مار دی تھی جبکہ گزشتہ برس کے آخری دنوں میں ریاست کیلیفورنیا میں کرسمس سے ایک دن قبل سانتا کلاز کے لباس پہنے ایک شخص نے نو افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔
Thanker from bbc